info@ziaululoom.com 9808112233

درس نظامی

شعبہ عالمیت و فضیلت

جامعہ ضیاءالعلوم پونچھ جموں و کشمیر کا یہ باوقار شعبہ ہے ؛ جس کی تکمیل کے بعد طالب علم دینی کام کرنے کا اہل سمجھا جاتا ہے اور زمرہ علماء و فضلاء میں شامل ہوکر خدمات دین کی انجام دہی کے قابل ہوتا ہے۔ شعبہ ہذا میں اردو ؛ عربی ؛ اصول فقہ ؛ اصول حدیث ؛ اصول تفسیر ؛فقہ ؛ حدیث ؛ تفسیر بطور علوم عالیہ پڑھائے جاتے ہیں۔ درجہ اول عربی سے دورہ حدیث شریف تک دارالعلوم دیوبند و دیگر قدیم ممتاز مدارس کے نصاب تعلیم کے مطابق تعلیم دی جاتی ہے اور رابطہ مدارس عربیہ دارالعلوم دیوبند کے تحت اس کے امتحانات ہوتے رہے ہیں۔

شعبہ تحفیظ القرآن الکریم

یہ شعبہ جامعہ کا اہم ترین شعبہ ہے۔ ہر سال اس شعبہ سے تکمیل حفظ کرنے والوں کا اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ ماہانہ ؛ ششماہی ؛ وسط مدتی اور سالانہ امتحانات کے علاوہ حفظ کی پختگی کے لیے ہر قسم کی مساعی جمیلہ کی جاتی ہیں۔ اس شعبہ میں طلبہ کو تجوید ؛ اردو ؛ لکھائی ؛ حساب اور انگلش کی تعلیم بھی دی جاتی ہے۔ تکمیل حفظ کرنے والے طلبہ کے لیے ایک نشست میں قرآن کریم سنانے کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ روز اول سے اس شعبہ کو انتہائی مخلص اور محنتی اساتذہ کی خدمات حاصل رہی ہیں۔

شعبہ دینیات و ناظرہ

جامعہ کا یہ پُر بہار شعبہ ہے۔ جو مبتدیوں کے لیے قائم کیا گیا ہے اور تین سالہ نصاب پر مشتمل ہے۔ یہاں سے طلبہ کی بنیاد بنتی ہے اور طلبہ دوسرے شعبوں میں قابلیت کی بنیاد پر داخلہ لیتے ہیں ؛ ناظرہ اس شعبہ کا ذیلی شعبہ ہے۔ جس میں طلبہ کو حروف شناسی اور نورانی قاعدہ کے ساتھ ناظرہ قرآن کریم پڑھایا جاتا ہے۔ شعبہ تحفیظ القرآن الکریم کو اس شعبہ سے استحکام حاصل ہوتا ہے۔

شعبہ تجوید و قراءت

قرآن پاک کی بہتر تدریس کے پیش نظر شعبہ قراءت و تجوید قائم کیا گیا حفاظ کرام تین سالہ تعلیم و تربیت کے بعد تدریس قرآن , عوامی درس قرآن اور تدریس کتب کے میدان میں بہترین خطوط پر کام جاری رکھ سكتے ہیں۔ تین سالہ تخصص کی تکمیل کے بعد فضلاء تدریس و نظامت کی ذمہ داریوں کو بہتر طور پر سرانجام دے سکتے ہیں۔

دارالافتاء

جامعہ کے فتاویٰ کو میدان میں ممتاز مقام حاصل ہے۔ یہ شعبہ عوام و خواص کے مختلف النوع اور نئے مسائل میں رہنمائی کرتا ہے۔ خطہ بھر میں اس کی فتاویٰ جات پر اعتماد کیا جاتا ہے اور ان کو مستند سمجھا جاتا ہے۔ مستند مفتیان حضرات روزانہ خاص وقت میں عوام کے مسائل سنتے اور قرآن و حدیث کی روشنی میں حل بتاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مقامی عدلیہ میں بھی جامعہ کے فتویٰ كوقدر کی نگاہ اور محبت سے دیكھاجاتاہے۔

شعبہ كمپیوٹر (علوم جدید در درجات عربی)

شعبہ كمپیوٹر سائنس کی نت نئی ایجادات میں سے کمپیوٹر سب سے محیرالعقول ایجاد ہے۔ جہاں دور حاضر میں زندگی کا کوئی بھی شعبہ اس کی دسترس سے باہر نہیں ہے۔ اس کی ایجاد سے روشناس کرانے اور اس سے استفادہ کے لیے جامعہ میں جدید سہولیات سے مزین ایک خوبصورت کمپیوٹر لیب بنائی گئی ہے۔ جہاں ماہر فن استاذ کی نگرانی میں طلبہ مستفید ہو رہے ہیں۔ جدید دور کے تقاضوں کی تکمیل کے لیے اس شعبہ کا قیام عمل میں لایا گیاجامعہ كے بہت سے فارغین اپنے اپنے مقام پر تدریسی خدمات كے ساتھ اس ہنر كو اپنے معاشی حالات كو بہتربنانے كے لیے بھی استعمال كررہے ہیں جس كےاچھے اثرات مرتب ہورہےہیں۔

شعبہ صحافت

اردو ماہنامہ’’فکرونظر‘‘جامعہ سے وابستہ ایک بڑا طبقہ بلکہ اکثر لوگ اردو داں ہیں۔ جن کے اصرار اور طلب صادق پر ماھنامہ فکرونظر وجود میں آیا۔ جو گزشتہ بارہ برس سے تاہنوز ترقی کے مراحل طے کر رہا ہے۔ یہ مجلہ دینی ؛ علمی اور دعوتی ترسیلات کی وجہ سے اپنی افادیت کا لوہا منواچکا ہے۔ ملک کے علمی فکری اور دعوتی ماہناموں میں اس کا شمار ہوتا ہے۔

ضیائی میڈیا سینٹر

جامعہ ضیاءالعلوم پونچھ خطہ کی معروف دانش گاہ ہے جس کی علمی دینی و دعوتی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں ہیں ؛ یہ وقت کی ضرورت تھی کہ جامعہ کا ذاتی میڈیا سینٹر ہو جہاں سے جامعہ کے وہ فیض یافتگان جو میدان عمل میں باوقار طور پر مصروف عمل ہیں اور جامعہ میں واردین و صادرین ارباب علم و فضل کے انٹرویوز ریکارڈ کرکے شائع کیے جائیں نیز جامعہ میں ہونے والے دینی دعوتی اور ملی پروگرام اور طلبہ کے مابین انجمنوں کے انعامی مسابقات کی کارگزاری سے معاونین و محبین جامعہ کو بھی واقف کریا جاسکے۔

شعبہ دعوت و تبلیغ

’’بلغوعنی ولواآیة‘‘ کے بہ موجب دین کی باتیں دوسروں تک پہنچانا نہایت اہم فریضے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ مدارس عربیہ کی یہ بھی ذمہ داری ہے ؛ اسی اہم ذمہ داری کی خاطر احاطہ جامعہ میں اصول و ضوابط کی پابندی کے ساتھ تمام ہی طلبہ میں محنت کرتا ہے۔ اس شعبہ کے تحت ہفتہ وار پروگرام اور ترتیب سے اطراف و نواح میں 24 گھنٹے کے لیے دعوت و تبلیغ میں بھی جاتے ہیں۔ عیدالاضحٰی اور ششماہی تعطیلات کے موقعوں پر سہ روزہ اور ماہ صیام میں چالیس روز کے لیے بھی طلبہ کی جماعتیں نکلتی ہیں۔

شعبہ پختگی حفظ

طلبہ درجات فارسی و عربی و حفاظ کہ جو فارسی عربی میں داخلہ لیتے ہیں قرآن پاک کو یاد رکھ پائیں اس کے لیے جامعہ میں مستقل شعبہ پختگی حفظ قائم کیا گیا مستقل استاذ کی نگرانی میں سال بھر ان کا گھنٹہ لگتا ہے اور سال کے آخر میں ان طلبہ کا امتحان ہوتا ہے جس میں تیس سوالات کیے جاتے ہیں فی سوال پر ایک نمبر دیا جاتا ہے 25 تا 30 سوالات کے درست جوابات دینے والے طلبہ انعام کے حقدار قرار پاتے ہیں۔

شعبہ آن لائن درسیات

سائنسی ایجادات اور نت نئی اختراعات نے کسی بھی میدان میں کام کرنے والوں کے لیے بڑی سہولت پیدا کر دی ہے۔ شعبہ آن لائن درسیات کے تحت وقتًا فوقتًا جامعہ کے جملہ شعبہ جات دینیات ؛ حفظ ؛ قراءت ؛ فارسی و عربی کے طلبہ کو بذریعہ آن لائن ماہرین فن سے استفادہ کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ بعینہ اساتذہ جامعہ بھی آن لائن اساطین علم کے علوم سے متمتع ہوتے ہیں۔

تخصص فی الغة العربیة

عام طور پر درس نظامی پڑھنے والے طلبہ عربی تقریروتحریر کی بعض فنی ترکیبات سے واقف نہیں ہوتے چونکہ عمومًا مدارس میں عربی زبان ون فن کے مقابلہ میں دین و شریعت پڑھانے کا رجحان زیادہ رہتا ہے لہذا فن تشنہ رہ جاتا ہے۔ طلبہ کی عربی استعداد بہتر بنانے کے لیے تخصص فی الغة العربیة جامعہ میں شروع کیا گیا۔ اس میں تمام اسباق عربی زبان میں لازم قرار دیئے گئے ہیں۔ طلبہ پر ہر وقت عربی زبان بولنا لازم ہوتا ہے تاکہ وہ کم وقت میں بہترین عربی بولنے کی صلاحیت پیدا کرلیں۔ عربی بول چال کے ساتھ عربی کی تعبیرات اور اظہار مافی الضمیر اور عربی انشاء بھی پڑھائی جاتی ہے۔ امسال اس سلسلہ دہلی كے عربی ادب كے ایك نامور استاذ كو ۳بار بطور خاص مدعوكیاگیا جس میں تین شیشن لگائے گیے اور طلباء كو عربی ادب كے تئیں بطورخاص توجہ دلائی گئی۔

فاصلاتی نظام تعلیم

فاصلاتی تعلیم ایسے طلبہ کو گھر بیٹھے تعلیمی نصاب دستیاب کراتا ہے۔ جو تعلیم گاہ میں حاضر رہ کر تعلیم مکمل نہ کر پا رہے ہوں موجودہ دور میں تعلیمی حوالوں سے فاصلاتی نظام تعلیم کا پرچار ہر زبان زد عام ہے۔ اور طلبہ کے رجحانات بھی آن لائن طریقہ تعلیم میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں طلبہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے آن لائن طریقہ تعلیم کو سہل مفید سمجھا جانے لگا ہے۔ اس لیے اس سہولت سے بہرہ مند ہوکر طلبہ اپنے تعلیمی امور میں انقلابی تبدیلیوں کا رخ اختیار کیے ہوئے ہیں اور وہ کمالات دکھا رہے ہیں جن کے سبب جدید طریقہ تعلیم کے فوائد کو زیادہ اہم اور عام بنایا جا رہا ہے۔ اسی سہولت کے پیش نظر جامعہ نے اس لائن میں طلبہ کو موقع فراہم کیا ہے۔ اور طلبہ ذوق و شوق سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

Jamia Ziaul Uloom - Copyright 2023. Design by Madni Soft Solutions (# 8273074473)